حمزہ شہباز کے علاج کیلئے حکومت نے میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا

14 Sep, 2020 | 02:06 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42 :پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمز ہ شہباز شریف کے علاج کیلئے پنجاب حکومت نے میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کے معاملے پر نون لیگ سیاست کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، حمزہ کے علاج کیلئے 3 رکنی میڈیکل بورڈ بنا دیا گیا، ان کا علاج سرکاری ہسپتال میں ہوگا۔

فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا اعلیٰ پائے کے ڈاکٹرز اور پروفیسرز حمزہ شہباز کا مکمل طبی معائنہ کریں گے، اس کے بعد حمزہ شہباز کو کسی سرکاری ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا، ن لیگ کا حمزہ شہباز کو اتفاق ہسپتال یا رائیونڈ محل شفٹ کرنے کا مطالبہ آئین اور قانون کے خلاف ہے، حمزہ شہباز کو مکمل نگہداشت فراہم کی جائے گی۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان کے دل کی بات آخر لب پر آ ہی گئی، مولانا کہتے ہیں اے پی سی طے کرے سارا حلوہ حکومت کھائے گی یا ہمیں حصہ دیا جائے گا، مولانا کی منفی سوچ اور فکر قوم کے سامنے آشکار ہو گئی، مولانا قوم کی دولت اور ملکی خزانے کو ہمیشہ حلوہ سمجھتے رہے ہیں، حلوائی کی دکان پر نانا جی کی فاتحہ کے مصداق آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن نے عشروں ملک کو لوٹا، اپوزیشن یاد رکھے عمران خان نہ خود کرپشن کرتے ہیں، نہ کسی دوسرے کو کھانے دیتے ہیں، عمران خان ریاست کے خزانے کے امین ہیں، خیانت نہیں کریں گے۔

مزیدخبریں