جنید ریاض: صوبہ بھر کے اساتذہ کے لئے خوشخبری، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمںنٹ نے پندرہ ستمبر سے سکول کھلتے ہی صوبہ بھر کے اساتذہ کا کنوینس الاونس بحال کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ کا کنوینس الاونس بحال کردیا گیا، اساتذہ کی تنخواہوں میں سے گذشتہ چھ ماہ سے کنوینس الاونس کی کٹوتی کی جارہی تھی، کورونا وائرس کے باعث 13 مارچ سے صوبہ بھر کے سکولز کو بند کردیا گیا تھا۔
سکولوں کی بندش کے دوران اساتذہ کا کنوینیس الاونس بھی روک دیا گیا تھا، کنوینیس الاونس کی مد میں ٹیچر کی تنخواہ سے ہر ماہ 3 سے 5 ہزار روپے کٹوتی کی جاری تھی، اساتذہ یونین کا کہنا ہے کہ کنوینس الاونس کی بحالی حکومت پنجاب کا احسن فیصلہ ہے۔
دوسری جانب محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے مختلف کالجوں میں تعینات اساتذہ کو ایم فل اور پی ایچ ڈی الاؤنس دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلے کے مطابق فنانس ڈیپارٹمنٹ کی منظوری کے بعد ایم فل اور پی ایچ ڈی یافتہ افراد کو الاؤنس دیے جا رہے ہیں تاہم ان اساتذہ کی ڈگریوں کی تصدیق بھی کی جائے گی۔
محکمہ ہائیر ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ کسی بھی مرحلے پر بے ضابطگی کا تعین ہونے پر الاؤنس واپس لے لیے جائیں گے۔