زاہد چوہدری: ٹیچنگ ہسپتالوں میں ادویات کی فوری دستیابی کے لیے لوکل خریداری کے طریقہ کار میں خامیاں اور مبینہ بے ضابطگیوں کو ختم کرنے کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، لوکل خریداری کا شفاف نظام وضع کرنے کے لیے سفارشات دے گی ہیں۔
سابقہ دور میں ٹیچنگ ہسپتالوں میں لوکل خریداری کے لیے جو طریقہ کار رائج تھا اس کی وجہ سے ٹیچنگ ہسپتالوں میں کروڑوں روپے کی ادویات کی لوکل خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں اور شکایات کے ازالے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر میو ہسپتال پروفیسر ڈاکٹراسد اسلم خان کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے، جس میں میو ہسپتال، جناح ہسپتال، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد، نشتر ہسپتال ملتان اور بےنظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کے ایم ایس کو ممبران نامزد کیا گیا ہے۔
کمیٹی ادویات کی فوری فراہمی کے لیے لوکل خریداری کے طریقہ کار کو شفاف اور کرپشن سے پاک بنانے کے لیے سفارشات مرتب کرے گی جس کی روشنی میں ادویات کی لوکل خریداری کا بہتر نظام رائج کیا جاسکے گا۔