’پاکستان میں ایس سی او اجلاس کا انعقاد ہمارے لئے باعث اعزاز ہے‘

14 Oct, 2024 | 03:48 PM

اویس کیانی : وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ایس سی او سربراہ اجلاس ایک بڑا ایونٹ ہے، پاکستان میں ایس سی او اجلاس کا انعقاد ہمارے لئے باعث اعزاز ہے، ایس سی او اجلاس کے موقع پر اسلام آباد کو خوبصورتی سے سجایا گیا ۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا فیسلیٹیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا فیسلیٹیشن سینٹر میں سہولیات کی فراہمی پر وزارت اطلاعات کی پوری ٹیم کا مشکور ہوں ، غیر ملکی صحافیوں کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں، میڈیا فیسلیٹیشن سینٹر میں تیزرفتار انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ 

 عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حال ہی میں ملائیشیا کے وزیراعظم اور سعودی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا، ان دوروں کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے حوالے سے بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان خارجہ محاذ پر تنہائی کا شکار تھا، موجودہ دور میں پاکستان کی معاشی اشارئیے بڑھے ہیں، مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے جو 6.9 فیصد پر پہنچ چکی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر اور آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ۔ عالمی مالیاتی ادارے آج ہماری معیشت کی تعریف کر رہے ہیں، پاکستان خطے میں اہم ملک ہے ۔ 

 وزیر اطلاعات نے کہا کہ چینی وزیراعظم 11 سال بعد پاکستان آئے، چین نے ہمیشہ پاکستان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا، وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین کے بعد سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوا، پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات دے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او کانفرنس کے پاکستان میں انعقاد سے پاکستان کا عالمی سطح پر تشخص بحال ہوا ہے، وفاقی دارالحکومت میں پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے، ہمارا وژن ہے ہم اپنی ثقافت اور  امن پسندی کی سوچ کو اجاگر کریں۔ 

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ایک طرف انا پرستی اور ایک طرف حب الوطنی ہے، کوئی سیاسی جماعت پاکستان سے بڑی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی کال غیر سنجیدگی کا مظاہرہ ہے، یہ آپس میں لڑے ہوئے لوگ ہیں، انہیں خود اپنی سمجھ نہیں، اسلام آباد میں سیکورٹی کے بھرپور انتظامات کئے گئے ہیں، انہوں نے احتجاج کرنا ہے تو اپنے گھروں میں بیٹھ کر کریں ۔ 

مزیدخبریں