ارشاد قریشی : اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا ، 9 کارروائیوں میں 7 ملزمان گرفتار کیے گئے ۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق مختلف کاروائیوں میں 5 کروڑ سے زائد مالیت کی 341.6 کلوگرام منشیات برآمد ہوئیں۔ رنگ روڈ پشاور پر کی گئی 2 کاروائیوں میں 128.400 کلو افیون، 72 کلو چرس اور 1 کلو آئس برآمد ہوئی، منشیات فروشی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسکے علاوہ لاہور میں احمد علی روڈ پر ملزم سے 26.400 کلو چرس اور 7.2 کلو افیون برآمد ہوئی۔ کراچی میں جمالی پل سروس روڈ پر ملزم سے 57.6 کلو چرس، اقبال شہید ٹول پلازہ اٹک کے قریب ملزم سے 10کلو چرس برآمد ہوئی ۔
ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کی گئی 2 کاروائیوں میں 2 ملزمان سے 8.4 کلو چرس اور 1.6 کلو گرام آئس برآمد ہوئی، جبکہ ایم ون ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ملزمہ سے 3 کلو چرس اور 1 کلو آئس برآمد ہوئی ۔
ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے لاہور میں ایک اور بڑی کارروائی کی گئی۔ دوران کارروائی نیوزی لینڈ بھیجے جانیوالے مشکوک پارسل سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئیں۔ خواتین کے ملبوسات کی آڑ میں آئس کو کپڑوں میں مہارت سے جزب کیا گیا۔ خواتین کے ملبوسات میں سے جزب شدہ مجموعی طور پر 25 کلو آئس برآمد کر لی گئی۔
ترجمان اے این ایف نے کہا ہے کہ انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لئے آپریشن جاری ہے ۔