علی ساحی: صوبہ بھر میں شاہرات پر قوانین کی پاسداری اور شہریوں کی خدمت و تحفظ کے لیے پنجاب ہائی وے پٹرول سرگرم ، ماہ اکتوبر کے پہلے دو ہفتوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق رواں ماہ شاہرات پر ای پولیس پوسٹ ایپ کے ذریعے 12 لاکھ 84 ہزار 736 افراد کی چیکنگ کی گئی، دوران چیکنگ 265 اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کو گرفتار کیا گیا۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق 5 لاکھ 60 ہزار 388 گاڑیوں کو چیک کیا گیا، جن میں سے 94 چوری شدہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ ایکسلی لوڈ مینجمنٹ کے تحت 9537 اوور لوڈڈ گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی جبکہ گیس سلنڈر کے غیرقانونی استعمال پر 565 گاڑیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی گئی۔شہریوں کی سہولت کے پیش نظر 6649 ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے اور 16 گمشدہ بچوں کو ان کے والدین سے ملوایا گیا۔
پنجاب پولیس نے 89 عارضی و مستقل تجاوزات کو ختم کر کے ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنایا۔ علاوہ ازیں 4326 مسافروں کو مختلف نوعیت کی مدد و رہنمائی فراہم کی گئی جبکہ پولیس خدمت مراکز پر 6750 شہریوں کو مختلف سہولیات فراہم کی گئیں۔