( سٹی42) پاکستانی گلوکار علی ظفر نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے جاری پاک بھارت ٹاکرے سے چند منٹ قبل ورلڈکپ ترانہ جاری کرکے شائقینِ کرکٹ میں مزید جوش و ولولہ پیدا کردیا۔
بھارت کے شہر احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں لہو کو گرماتے پاک بھارت جاری معارکے میں بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔ جہاں شائقین کرکٹ اس تہکہ خیز ٹاکرے پر نظریں جمائیں بیٹھیں ہیں وہیں اسی دوران گلوکار علی ظفر نے ورلڈکپ کا نیا ترانا ریلیز کرکے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی۔
علی ظفر نے ورلڈکپ کا نیا ترانہ ’مزہ آیا’ اپنے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کیا جس نے چند ہی منٹوں میں 15 ہزار ویوز حاصل کرلیے جب کہ تعدار میں مسلسل تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔2 منٹ 55 سیکنڈ پر مشتمل اس ویڈیو کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر اور کمپوزر خود علی ظفر ہیں۔ گانے کی ریلیزسے قبل علی ظفر کا کہنا تھا کہ ’کاش میرے پاس مزید وقت ہوتا لیکن شائقینِ کرکٹ اور میرے مداحوں کی محبت کے لیے، ایک بار پھر بھیا حاضر ہے۔’
یاد رہے کہ علی ظفر نے 2016 میں پی ایس ایل کے افتتاحی سیزن کے لیے پی ایس ایل کا پہلا ترانہ ’اب کھیل کے دکھا‘ کمپوز اور پرفارم کیا جبکہ 2017 میں پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کے لیے علی ظفر نے ایک بار پھر ’اب کھیل جمے گا‘ کے عنوان سے جوش بھرا ترانہ پیش کیا تھا۔ صرف یہی نہیں گلوکار نے 2018 کے سیزن کے لیے ’دل سے جان لگا دے‘ کمپوز کرکے مداحوں کے دل جیت لیے تھے۔واضح رہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان کی جانب سے بابر اعظم، محمد رضوان، عبداللہ شفیق، افتخار احمد، امام الحق، سعود شکیل، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اپنی جاندار پرفارمنس دینے کو تیار ہیں۔