برقع پہننے پر ایک ہزار ڈالر جرمانے کی تجویز، مسودہ پارلیمنٹ ارسال

14 Oct, 2022 | 12:25 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) سوئٹزرلینڈ حکومت نے برقع پہننے پر ایک ہزار ڈالر جرمانے تجویز دیتےہوئے کہا کہ چہروں کو ڈھانپنے پر پابندی کا مقصد کسی کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ اس کا مقصد عوام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

سوئس حکومت نے بدھ کو ایک قانونی مسودہ پارلیمنٹ کو ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جو افراد چہرے کو ڈھانپنے کی قومی پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہیں ان پر ایک ہزار سوئس فرانکس (ایک ہزارڈالر) جرمانہ عائد کیا جائے۔

سوئس حکومت نے گزشتہ برس ایک ریفرنڈم کے بعد ملک میں برقع پہننے پر پابندی عائد کی تھی، ریفرنڈم میں 51.2 فیصد رائے دہندگان نے برقع پر پابندی کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

اس قانون کے تحت مسلم خواتین پبلک ٹرانسپورٹ اور عوامی مقامات پر اپنے چہروں کو نہیں ڈھانپ سکتیں تاہم وہ اسکارف پہن کر اپنے بالوں اور سر کو کور کرنے کی اجازت ہے جبکہ کورونا کی وجہ سے ماسک پہننے والوں پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

سوئٹزرلینڈ میں فیڈریشن آف اسلامک آرگنائزیشنز کا کہنا ہے کہ آئین میں ڈریس کوڈز درج کرنا ماضی میں ایک قدم واپس جانے جیسا ہے اور یہ خواتین کی آزادی کی جدوجہد نہیں ہے، اس اقدام سے رواداری اور امن قائم کرنے کی سوئس اقدار کو نقصان پہنچایا گیا۔

مزیدخبریں