(شاہد ندیم سپرا)معروف صوفی بزرگ حضرت میاں میر رحمتہ اللہ علیہ کے تین سو اٹھانویں سالانہ عرس کی دو روزہ تقریبات کا آغاز مزار شریف پر رسم چادر پوشی کی ادائیگی سے ہو گیا۔
مزار شریف پر ہونے والی رسم چادر پوشی کی تقریب میں صوبائی وزیر اوقاف پنجاب سید سعید الحسن شاہ نے خصوصی شرکت کی، سیکرٹری اوقاف پنجاب نبیل جاوید، ڈی جی مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، اسلم ترین،سید عنائت گیلانی، شیخ اظہر، زونل ایڈمنسٹریٹر گوہر مصطفیٰ اور مینجر دربار حسن رضوان سمیت زائرین اور عقیدت مند شریک ہوئے۔ رسم چادر پوشی کی تقریب میں محفل حمد و ثناء کا بھی انعقاد کیا گیا۔
عرس تقریبات کے دوران زائرین کی بڑی تعداد مزار شریف پر حاضری دے رہی ہے، خواتین چراغاں کرنے میں مصروف ہیں جبکہ مزار شریف پر چادریں اور پھول چڑھانے کا بھی سلسلہ جاری ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف پنجاب سید سعید الحسن شاہ نے کہا کہ اولیاء کرام نے فروغ اسلام میں اہم کردار ادا کیا۔تقریبات کے دوران محکمہ اوقاف پنجاب کی جانب سے زائرین میں لنگر تقسیم کیا جا رہا ہے، پولیس نے ایک ہی داخلی راستہ مختص کر کے سیکیورٹی انتظامات کو سخت کر دیا ہے۔
حضرت میاں میر رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ عرس کی دو روزہ تقریبات کا آغاز
14 Oct, 2021 | 05:03 PM