نوازشریف شناختی کارڈ نہ ہونے کے باعث ووٹ کاسٹ نہ کر سکے

14 Oct, 2018 | 05:49 PM

Shazia Bashir

سٹی42: سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف شناختی کارڈ نہ ہونے کے باعث ووٹ نہیں ڈال سکے۔

 ضمنی انتخابات میں لاہور کے حلقے این اے 124 میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شاہد خاقان عباسی کو ووٹ ڈالنے کے لیے سابق وزیراعظم نوازشریف حلقے میں قائم پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ کالج ٹیکنالوجی پہنچے اور اس موقع پر شاہد خاقان عباسی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ نوازشریف سخت سیکیورٹی میں پولنگ بوتھ گئے جہاں انہوں نے اپنا نام دیکھا، پولنگ ایجنٹ نے سابق وزیراعظم سے ووٹ کاسٹ کرنے کا کہا تو ان سے شناختی کارڈ بھی مانگا گیا۔

سابق وزیراعظم نے اپنے پی ایس او سے شناختی کارڈ سے متعلق پوچھا جس پر انہیں بتایا گیا کہ ان کا شناختی کارڈ پرائیوٹ سیکریٹری کے پاس ہے جو اس وقت یہاں موجود نہیں ہیں۔ میاں نوازشریف کا شناختی کارڈ منگوایا گیا اور سابق وزیراعظم نے انتظار کیا لیکن شناختی کارڈ بروقت پولنگ اسٹیشن نہیں پہنچایا جاسکا جس کے باعث نوازشریف ووٹ ڈالے بغیر واپس روانہ ہوگئے۔

تاہم اس موقع پر نوازشریف کے بھتیجے بھی ان کے ساتھ تھے جنہوں نے اپنا شناختی کارڈ دکھا کر ووٹ کاسٹ کیا۔

مزیدخبریں