احمد منصور : ہرنائی میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گرد جہنم واصل کردیے، آپریشن میں 2 جوان شہید ہوگئے ۔
سکیورٹی فورسز کو ہرنائی میں دہشت گردوں کی جانب سے شہریوں کو ٹارگٹ کرنے کی منصوبہ بندی کی اطلاع ملی، دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر میجر محمد حسیب کی قیادت میں فوری طور پر سیکیورٹی فورسز کو علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے بھیجا گیا ، سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ، 3 دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے ۔
دوران آپریشن دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا، جس میں میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد شہید ہوگئے ۔
سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں ۔
میجر محمد حسیب شہید کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے ، میجر محمد حسیب شہید کی عمر 28 سال ہے، میجر محمد حسیب شہیدنے 8سال6 ماہ تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا، میجر محمد حسیب شہید کے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی شامل ہیں۔
38سالہ حوالدار نور احمد شہید کا تعلق ضلع بارکھان سے ہے، حوالدارنور احمد شہید نے 14 سال تک وطنِ عزیز کا دفاع کیا، حوالدارنور احمد شہید کے سوگوران میں اہلیہ ، 3بیٹے اور بیٹی شامل ہیں۔
سورس : آئی ایس پی آر
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شہدا کو خراج عقیدت
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ضلع ہرنائی میں دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔
وزیراعظم نے شہداء کی بلندی ء درجات کی دعاء اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا، انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان فوج کے افسروں اور جوانوں کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کا شہدا کو خراج عقیدت
وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہرنائی میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نےکہا کہ شہید میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، شہید میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد نے پاک وطن کے امن کے لئے جانیں قربان کیں، شہید میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد قوم کے ہیرو ہیں، لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، شہید میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔
محسن نقوی نے شہید میجر محمد حسیب اور شہید حوالدار نور احمد سے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ، کہا کہ دکھ کی گھڑی میں شہداء کےخاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔