عابد چوہدری: لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر شہر بھر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن ، 24 گھنٹوں میں ٹریفک پولیس نے دھواں چھوڑنے والی 3091 گاڑیوں کے خلاف 62 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
اس دوران 1446 موٹرسائیکلوں کو خطرناک حد تک دھواں چھوڑنے پر 29 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 355 موٹرسائیکلیں اور 167 ٹریکٹر ٹرالیاں مختلف ٹریفک سیکٹرز میں بند کر دی گئی ہیں۔ آرٹیفشل انٹیلی جنس سسٹم کی مدد سے 273 گاڑیوں کے ای چالان بھی کیے گئے ہیں۔
شہر میں 41 اینٹی سموگ اسکواڈز تشکیل دیے گئے ہیں اور داخلی و خارجی راستوں پر 12 ناکے بھی قائم کیے گئے ہیں۔ ڈی ایس پیز کو شہر کے مختلف راستوں پر کریک ڈاؤن کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، اور کمشنر لاہور کی ہدایت پر انسدادِ تجاوزات کیمپس کو مزید فعال کر دیا گیا ہے۔
عمارہ اطہر نے کہا کہ سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے سب کو مل کر کوششیں کرنی ہوں گی، اور اس سلسلے میں سرکاری گاڑیوں کو بھی چالان ٹکٹس جاری کیے جا رہے ہیں۔