مریم نواز میں کینسر کی تشخیص؟وزیراعلیٰ نے بتادیا

14 Nov, 2024 | 09:57 AM

راؤ دلشاد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اپنی بیماری کے حوالے سے زیرگردش مختلف قیاس آرائیوں کے بارے میں وضاحت دیتے ہوئے کہنا ہے کہ یہ سب بے بنیاد ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز چند روز قبل گلے کے علاج کیلئے جنیوا گئی تھیں جہاں سینیئر وزیرپنجاب مریم اورنگزیب اور سابق وزیراعظم نواز شریف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مریم نواز کے جنیوا جانے کے بعد سوشل میڈیا پر مریم نواز کی صحت کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں تھیں کہ مریم نواز کو کینسر کا مرض لاحق ہوگیا ہے۔ ذرائع  کے مطابق  ’ 2 سال قبل جنیوا میں ہی اُن کے تھائیروائڈ کا ایشو تھا،  اُس وقت توقع تھی کہ یہ مرض کینسر نہ ہو لیکن وہ کینسر نہیں تھا۔

تاہم اب  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اپنی طبیعت کے حوالے سے زیرِ گردش افواہوں   کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہنا ہے کہ ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔  سوشل میڈیاپرمیرے بارے میں ویلاگ ہورہے ہیں کہ مجھے کینسر  ہے،مجھے کینسر نہیں بلکہ مجھے پیرا تھائیرائیڈ کا ایشو ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ان کا علاج پاکستان میں ہی ہوتا ہے لیکن پیراتھائرائیڈ ایسی بیماری ہے جس کا علاج پوری دنیا میں صرف دو ممالک سوئزرلینڈ اور امریکہ میں ہی ہوتا ہے۔ مریم نواز کا کینسر کی خاندانی تاریخ کی طرف بھی اشارہ دیتے ہوئے کہنا تھاکہ اُن کی  والدہ  بھی اس بیماری کی وجہ سے المناک طور پر انتقال کر گئی تھیں۔

یاد رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ مریم نواز گلے کے علاج کیلئے جنیوا گئی ہیں بلکہ اس سے قبل مریم نواز پی ڈی ایم دور حکومت میں بھی گلے کے علاج کے لیے جنیوا گئی تھیں، جہاں ان کے گلے کی سرجری بھی ہوئی تھی۔ رپورٹس کے مطابق جنیوا جانے سے قبل مریم نواز پاکستان میں شریف میڈیکل ہسپتال گئی تھیں اور پھر جنیوا کے لیے روانہ ہوئیں۔

واضح رہے ان دنوں مریم نواز اپنے والد سابق وزیراعظم نواز شریف اور بھائیوں کے ہمراہ یورپ کے دورے پر ہیں۔ ابتدائی طور پر ان کا غیر ملکی دورہ تقریباً ایک ہفتہ اور 12 نومبر کو ان کی پاکستان واپسی متوقع تھی لیکن اب اسے طول دے دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں