ویب ڈیسک : موٹروےپولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سات کروڑ سے زائد مالیت کی ہیروئین برآمد کر لی۔
ترجمان موٹروےپولیس کے مطابق اے این ایف فیصل آباد نے موٹروے پولیس کو منشیات سمگلنگ کی معلومات دی تھیں۔ موٹروے پولیس ڈی ایس پی خرم شاہ اور پٹرولنگ افسر عمران تبسم نے سیال موڑ کے قریب کار کو رکنے کا اشارہ کیا تھا، کار ڈرائیور نے رکنے کی بجائے رفتار بڑھا کر فرار ہونے کی کوشش کی۔ موٹروے پولیس نے کار کا تعاقب کر کے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کار سوار دو ملزمان نے کار چھوڑ کر کھیتوں میں فرار ہونے کی کوشش کی، پٹرولنگ افسران نے تعاقب کر کے فرار ہونے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے سمگلروں میں آساتم خان اور صدیق اکبر شامل ہیں۔ کار کی تلاشی لینے پر اعلی کوالٹی کی ہیروئین (795۔7 کلوگرام) برآمد ہوئی، ہیروئین کی مالیت انٹرنیشنل مارکیٹ میں سات کروڑ روپے سے زائد ہے۔
موٹروے پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد گرفتار ملزمان, برآمد شدہ ہیروئین اور کار کو اے ڈی اے این ایف فیصل آبادکے حوالے کردیا۔ سیکٹر کمانڈر غلام قادر سندھو نے پٹرولنگ افسران کی کارکردگی کو سراہا۔