شاہد ندیم سپرا: رائیونڈ میں عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرااور آخری مرحلہ دعا کیساتھ اختتام پذیر ہو گیا، ڈپٹی کمشنر لاہورعمر شیر چٹھہ سمیت فرزندان اسلام کی بڑی تعداد دعا میں شریک ہوئی۔
تبلیغی اجتماع کے اختتامی دعا سے قبل مولانا ابراہیم دیولا نے دعا کی اہمیت اور فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دعا امت مسلمہ کا ہتھیار ہے، اللہ تعالیٰ سے ہمیشہ دعا مانگنی چاہئے۔ مولانا ابراہیم دیولا نے گناہوں سے معافی اور امت مسلمہ کی مغفرت کی خصوصی دعا کروائی، جس میں شرکاء پر رقت طاری رہی۔
تبلیغی اجتماع کے شرکاء کا کہنا تھا کہ علماء کرام نے نماز قائم کرنے کی تلقین کی ہے، مسلمانوں کو اللہ تعالیٰ کے احکامات اور سنت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل پیرا ہوکر زندگی بسر کرنی چاہیئے۔ عالمی تبلیغی اجتماع کے شرکاء اختتامی دعا کے بعد اس ارادے کیساتھ گھروں کو لوٹ گئے کہ وہ بھی اللہ تعالیٰ کی راہ میں نکل کر دین اسلام کی ترویج میں اہم کردار اد ا کریں گے۔
تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلے کے انخلاء کیلئے اختتامی دعا کے وقت ہی رائیونڈ آنیوالے تمام راستے عام ٹریفک کیلئے بند کر دئے گئے اور اجتماع کے شرکا کے قافلوں کو یکطرفہ چلایا گیا۔ انخلاء کے وقت سب سے پہلے موٹر سائیکل اور رکشہ اسٹینڈ بعدازاں کار اسٹینڈ، ویگن اسٹینڈ، اور آخر میں بس اسٹینڈ اور ٹرک اسٹینڈ کو خالی کروایا گیا۔
انخلاء کے وقت موٹروے اور رنگ روڈ سے آنے والی ٹریفک کو بھی رائیونڈ کی جانب نہیں جانے دیا گیا،عبدالستار ایدھی روڑ سے ٹھوکر موٹروے تک ٹریفک سست روی کا شکار رہی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ سالانہ تبلیغی اجتماع کے انخلا کے لئے ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک ہزار سے زائد وارڈنز کو تعینات کیا گیا جبکہ نیشنل ہائی وے کے اہلکار بھی ڈیوٹیاں انجام دیتے رہے اور پانچ گھنٹے بعد انخلا کا عمل مکمل کرلیا گیا۔