بلدیاتی نمائندوں کی کنفیوژن ختم، یونین کونسلز کے اکاؤنٹس بحال

14 Nov, 2021 | 11:13 AM

Sughra Afzal

لوئر مال (عثمان علیم) محکمہ بلدیات نے بلدیاتی نمائندوں کی کنفیوژن ختم کر دی، لاہور سمیت صوبہ بھر کی 3 ہزار  2 سو 56 یونین کونسل کے اکاؤنٹس اور فنڈز بحال، یونین کونسلزمیں نکاح، طلاق، پیدائش اور اموات کے سرٹیفکیٹ کا سامان مہیا کر دیا گیا۔

لاہور کی 274 یونین کونسل کے اکاونٹس بحال ہو گئے، لاہور کی یونین کونسلز کے چیئرمین حضرات کو فنڈز بھی مل گئے، محکمہ بلدیات کی طرف سے فی یونین کونسل کو تین لاکھ روپے ماہانہ دیئے گئے ہیں، شہریوں کے چھ ہزار سرٹیفکیٹس کا اجراء شروع کر دیا گیا، میئر لاہور کرنل( ر)مبشر جاوید نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات کو خود سوچنا چاہیے، یونین کونسلز کے فنڈز پہلے ہی بحال کر دینے چاہیے تھے، جان بوجھ کر تاخیر سے کام کیا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں میٹروپولیٹن کارپوریشن میں میئر لاہور کرنل( ر) مبشر جاوید کی زیر صدارت بلدیاتی نمائندوں کا اجلاس ہوا، ڈپٹی میئرز، چیئرمین اور ڈسٹرکٹ ممبرز شریک ہوئے، اجلاس میں مجموعی طور پر7 قراردادیں متفقہ طورپر منظور کی گئیں، بلدیاتی نمائندوں کی بحالی کے بعد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا دوسرا اجلاس ٹائون ہال میں ہوا، سپیکر ہاؤس سواتی خان نے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کروایا۔

میئر لاہور کرنل( ر) مبشر جاوید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام یو سی اکاؤنٹس بحال کر دیئے گئے، نئے اکاؤنٹس کھلوانے کی ضرورت نہیں، پرانے اکائونٹس کی ہی چیک بکس واپس دی جائیں گی، یونین کونسلز کو ملنے والے فنڈز عوامی فلاح کے لئے خرچ کیے جائیں۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت 25 ہزار فی یونین کونسل دفاتر کی مد میں دے گی، تمام یو سی چیئرمین سے درخواست کرتا ہوں کہ یونین کونسلز میں باقاعدہ دفاتر بناکر عوامی مسائل حل کروائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی سنگین مسئلہ ہے، مگر اس کے باوجود لاہور میں کہیں ڈینگی سپرے نہیں ہو رہا۔

مزیدخبریں