شہریار منور دپیکا اور نوازالدین کیساتھ تصویر کو غلط رنگ دینے پر برہم

14 Nov, 2021 | 09:38 AM

Sughra Afzal

گارڈن ٹاؤن (سٹی42) اداکار شہریار منور نے حال ہی میں بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور نوازالدین صدیقی کے ہمراہ وائرل ہونے والی اپنی تصاویر پر وضاحت کرتے ہوئے انہیں غلط رنگ دینے والے افراد پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

شہریار منور نے واضح کیا ہے کہ وہ نہ تو بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کے ہمراہ کسی منصوبے میں ایک ساتھ کام کرنے جا رہے ہیں اور نہ ہی وہ نوازالدین صدیقی کے پائوں پڑے تھے، شہریار منور کے مطابق انہوں نے نوازالدین صدیقی کے پاؤں احتراما اور اپنی سندھی روایات کے مطابق چھوئے، کیونکہ سندھی روایات کے مطابق جس شخص کا احترام کیا جاتا ہے، انہیں ہاتھ جوڑ کر اور ان کے پائوں چھوکر ان کی عزت کی جاتی ہے۔

شہریار منور نے 'فوچیا میگزین' کے ساتھ بات کرتے ہوئے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ یو اے ای میں ایوارڈز تقریب کے دوران ان کی ذاتی ویڈیوز اور تصاویر بناکر انہیں غلط انداز اور رنگ میں شیئر کرکے وائرل کیا گیا۔ شہریار منور نے بتایا کہ ان کی اور دپیکا پڈوکون کی ملاقات حادثاتی طور پر ہوئی تھی، وہ جن دوستوں سے ملنے گئے تھے، ان سے ملنے کیلئے دپیکا پڈوکون بھی وہاں آئی اور پھر ان دونوں کے درمیان بطور فنکار نہیں بلکہ ایک عام انسان گفتگو ہوئی۔

مزیدخبریں