( عفیفہ نصر اللہ ) ضلعی انتظامیہ اور گڈ گورننس کی ملی بھگت، نشتر کالونی کی خواتین کوجھوٹ بول کرراشن کاجھانسہ دے ڈالا، ہال میں آکر خواتین پر انکشاف ہوا کہ راشن اور پیسوں کا جھانسہ دے کر انہیں میلاد کانفرنس میں خالی کرسیاں بھرنے کے لیے بلوایا گیا۔
گڈ گورننس کی پھرتیاں عروج پر ہیں، شہریوں کو پیسوں اور راشن کا لالچ دے کر خالی ہال بھرے جانے لگے۔ نشتر کالونی کی رہائشی خواتین اپنے روز مرہ کے کاموں میں مصروف تھیں۔ انہیں گڈ گورننس اور ضلعی انتظامیہ کے کارکنوں نے جھوٹ بول کر پیسوں اور راشن کا لالچ دے کر قذافی سٹیڈیم کی سیرت کانفرنس کے خالی ہال کو بھرنے کے لیے بلوایا۔ خواتین کو گاڑیوں میں بھر کر لایا گیا، ہال میں جانے کے بعد خواتین کو ایک بوند پانی تک فراہم نہیں کیا گیا۔
راشن اور پیسے تو دور ان کے لیے منگوایا گیا کھانا بھی گڈ گورننس اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں نے آپس میں بانٹ لیا۔ خواتین کا کہنا تھا کہ ان کی غربت کے ساتھ مذاق کر کے انہیں ہال میں بلوا کر ان کی تذلیل کی گئی ہے۔ اکثر خواتین کو واپس گھر بھی نہیں چھوڑا گیا۔ خواتین نے کہا کہ اگر انہیں پتہ ہوتا کہ ان کے ساتھ جھوٹ بولا جا رہا ہے تو وہ کبھی نہ آتیں۔