(سعید احمد سعید)ٹرین شیڈول بدستور متاثر، ریلوے انتظامیہ محدود ٹرین آپریشن میں بھی ٹرینوں کا شیڈول بحال کرنے میں ناکام، کراچی اور کوئٹہ سے لاہور آنے والی متعدد ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے انکوائری کے مطابق کراچی سے آنے والی پاک بزنس ایکسپریس 3 گھنٹے 15منٹ شاہ حسین ایکسپریس 2 گھنٹے 45 منٹ لیٹ، خیبر میل ایکسپریس 1 گھنٹہ 20 منٹ ،گرین لائن ایکسپریس 1 گھنٹہ 25 منٹ، تیز گام ایکسپریس 1 گھنٹہ 40 منٹ ،علامہ اقبال ایکسپریس 1 گھنٹہ، ملت ایکسپریس 2 گھنٹے 45 منٹ ،شالیمار ایکسپریس 1 گھنٹہ 55 منٹ، فرید ایکسپریس 1 گھنٹہ 15 منٹ اور جعفر ایکسپریس 1 گھنٹہ 10 منٹ تاخیر کا شکار رہی، جس کے باعث لاہور سے جانے والی ٹرینوں کے اوقات کار تبدیل کیے گئے جبکہ متعدد تاخیر کا شکار رہیں۔
ریلوے ہیڈ کوارٹرزلاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ کہ آج ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیر خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بہت درست بیان دیاہے، ہندوستان اندر سے پاکستان کو تباہ کرنا چاہتا ہے کیونکہ وہ پاکستان کو سرحدوں پر نقصان نہیں پہنچا سکتا،افواجِ پاکستان وہ عظیم فوج ہے جو ایک گولے کا جواب دوگولوں سے دیتی ہے،کل جو سرحدوں پر ہوا، وہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ انڈیا پاکستان کے اندرابھی تک بدامنی پھیلانے اور دہشت گردی کا کوئی بڑا واقعہ کرنے میں ناکام رہا ہے۔
دوسری جانب ڈی سی او ریلوے لاہور شیریں حنا کے مطابق لاہور سے روانہ ہونے والی قراقرم ایکسپریس شام 3 بجے کی بجائے رات 7 بجکر30 منٹ پر اور پاک بزنس ایکسپریس شام 4 بجے کی بجائے شام 5بجے کراچی روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ٹرینیں لیٹ ہونے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔