سٹی42:وزیر اعظم عمران خان نے کشمور واقعے میں بہادری دکھانے والے پولیس اہلکار محمد بخش کو فون کیا اور شاباش دی، عمران خان نے آئندہ ہفتے انسداد زیادتی سے متعلق سخت قانون لانے کا اعلان بھی کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ انہوں نے کشمور واقعے میں بہادری دکھانے والے پولیس اہلکار کو فون کیا اور اس سے گفتگو کی۔وزیر اعظم عمران خان نے اے ایس آئی محمد بخش برڑو اور اس کی بیٹی کو شاباش دی اور کہا کہ قوم کو آپ کی بہادری پر فخر ہے۔اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے مزید کہا کہ محمد بخش نے پولیس کے مثبت کردار کو اجاگر کیا، تمام نقائص دور کرتے ہوئے آئندہ ہفتے زیادتی کے خلاف ایک سخت اور مجموعی قانون لا رہے ہیں۔
میں نےکشمورمیں زنابالجبرکےملزم کی گرفتاری کیلئےایک باہمت اورمثالی قدم اٹھانے والے ASI برڑو اورانکی بیٹی سےبات کی ہےاور انہیں سراہاہے۔قوم ان پر نازاں ہے اور انہوں نےپولیس کی ساکھ کوبھی سہارادیاہے۔تمام نقائص دورکرتےہوئےآئندہ ہفتےہم زنابالجبر کیخلاف ایک سخت اورمجموعی قانون لارہےہیں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) November 14, 2020
خیال رہے کہ چند روز قبل کراچی سے ایک خاتون کو نوکری کا جھانسہ دے کر کشمور بلایا گیا جہاں اسے اور اس کی 4 سالہ بیٹی کو کئی روز تک اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ملزمان نے ماں کو چھوڑنے کے بعد بچی اپنے پاس رکھ لی تھی اور ماں سے مزید خواتین لانے کا مطالبہ کیا جس کے بعد متاثرہ خاتون پولیس کے پاس پہنچ گئی۔
بعد ازاں اے ایس آئی نے محمد بخش برڑو نے اپنی بیٹی سے ملزمان کی بات کروا کر انہیں جھانسہ دے کر ہوٹل پر بلوایا اور گرفتار کرلیا، ملزمان کی نشاندہی پر کمسن بچی کو بھی بازیاب کروا لیا جو اسپتال میں زیر علاج ہے۔گزشتہ روز پولیس مرکزی ملزم رفیق ملک کو لے کر ایک اور ملزم کی شناخت و گرفتاری کے لیے پہنچی تو پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس میں ملزم رفیق ملک شدید زخمی ہوا، رفیق بعد ازاں اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔