بینک روڈ(علی ساہی) پولیس اہم آپریشنز اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے لئے جدید بکتر بندگاڑیاں استعمال کرے گی، لاہور سمیت پنجاب بھر کے لئے پہلی بار 5 چین والی بکتر بندگاڑیاں خریدی جائیں گی، حکومت نے آئی جی پنجاب کی درخواست پر خریداری کی منظوری دیدی۔
پنجاب پولیس نے حساس آپریشنز اور دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کیلئے 5 جدید طرز کی بکتر بند گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ پہلی دفعہ پولیس کے لئے ٹائروں کی بجائے چین والی بکتر بند گاڑیاں خریدی جائیں گی، خریداری سالانہ خریداری کے فنڈز سے نہیں کی جائے گی، حکومت نے بکتربند گاڑیوں کی خریداری کیلئے 70کروڑ روپے کی منظوری دیدی۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ ایک گاڑی کیلئے 14کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، حکومت کی جانب سے فنڈزکے اجراء کے بعد خریداری کیلئے اعلیٰ افسروں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جائے گی، پولیس کے پاس 28 بکتر بند گاڑیاں موجود ہیں جبکہ 28 میں سے گاڑیوں کی حالت ابتر ہونے کی وجہ سے18 ورکنگ حالت میں ہیں۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سے دی گئی 547 گاڑیوں کی پنجاب پولیس میں تقسیم کاعمل شروع کر دیا گیا، لاہور سمیت پنجاب کے 7 اضلاع میں 42 گاڑیاں تقسیم کی گئیں، چند روز قبل 150 گاڑیاں مختلف اضلاع میں بھجوائی گئی تھیں، پہلے مرحلے میں 8اضلاع میں 150 گاڑیاں بھجوائی جارہی ہیں۔
ایس ایس پی ایم ٹی کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے گاڑیاں تیار ہو کر آرہی ہیں، ساتھ ساتھ اضلاع کو بھجوا رہے ہیں۔