بلاول بھٹو کا اگلا پڑاؤ کہاں ہوگا؟ آصف زرداری نے بتا دیا

14 Nov, 2020 | 09:46 AM

Sughra Afzal

ماڈل ٹاؤن (سعدیہ خان) پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے چودھری منظور احمد کو ٹیلی فون کیا، اس موقع سابق صدر نے کہا کہ بلاول بھٹو نے گلگت بلتستان کا چپہ چپہ پورے ملک سے متعارف کروا دیا، گلگت بلتستان کا الیکشن جیتنے کے بعد بلاول بھٹو کا اگلا پڑاؤ پنجاب میں ہوگا۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل چودھری منظور احمد سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کا الیکشن پیپلز پارٹی جیتے گی، بلاول نے اپنے نانا اور والدہ کی طرح سخت محنت سے انتخابی مہم چلائی، گلگت بلتستان کے عوام سے پیپلز پارٹی کا کبھی نہ ختم ہونے والا جذباتی رشتہ ہے، گلگت بلتستان کیلئے بھٹو نے ایف سی آر کا خاتمہ کیا، گندم، تیل اور اشیائے صرف پر سبسڈی دی، محترمہ بینظیر بھٹو نے گلگت بلتستان کے عوام کو پہلی بار ووٹ کا حق دیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومت نے گلگت بلتستان کو نام اور شناخت دی، پیپلز پارٹی نے بلتستان کو صوبائی ڈھانچہ اور داخلی خودمختاری دی، گلگت بلتستان کے عوام کی خوشحالی کیلئے سی پیک کی بنیاد رکھی، گلگت بلتستان کا الیکشن جیتنے کے بعد بلاول بھٹو کا اگلا پڑاؤ پنجاب میں ہوگا، پنجاب کے جیالے چیئرمین بلاول بھٹو  زرداری کے استقبال کی تیاری کریں، مقدمے ماضی میں بھی بھگتے ہیں۔

آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ ہمیشہ سرخرو ہوئے، مشکل وقت گزر چکا ہے، جیالے اپنا اپنے خاندانوں اور اہل علاقہ کا خیال رکھیں، پارٹی کے یوم تاسیس کا 30 نومبر کو ملتان میں جلسہ کامیاب بنایا جائے، کارکن ایس او پیز کے ساتھ سیاسی سرگرمیوں اور جلسوں میں شرکت کریں۔  

مزیدخبریں