نیب کے اسحاق ڈار کی رہائشگاہ فروخت کرنے کے احکامات

14 Nov, 2019 | 10:57 PM

Arslan Sheikh

( سعود بٹ ) چیئرمین نیب کے دورہ لاہور میں اہم پیشرفت، نیب نے اسحاق ڈار کی رہائشگاہ فروخت کرنے کے احکامات جاری کردیے، چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وزیرخزانہ کے اکاؤنٹس منجمد کرکے رقم کی حکومتی خزانے میں منتقلی کو بھی سراہا۔

نیب لاہور کے مطابق قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے نیب لاہور بیورو کا دورہ کیا۔ جہاں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم کی جانب سے انہیں میگا کرپشن کے مقدمات پر بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف جاری تحقیقات میں نیب لاہور نے 50 کروڑ روپے کی رقم ملزم کے بینک اکاؤنٹس سے برآمد کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے حوالے کی جبکہ گلبرگ میں کروڑوں روپے مالیت کا چار کنال پر محیط گھر بھی حکومت پنجاب کے حوالے کیا جارہا ہے جسے فروخت کرکے وصول ہونے والی مکمل رقم قومی خزانے میں جمع کروائی جائیگی۔

چیئر مین نیب نے کہا کہ پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کے سابق چیف فائنینشل آفیسر ملزم اکرام نوید سے نیب لاہور نے 1 ارب مالیت کی جائیدادیں برآمد کروا کر حکومت پنجاب اور ایرا حکام کے حوالے کیں۔ ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے میگا کرپشن کیسز جن میں شہباز شریف و دیگر کیخلاف مبینہ منی لانڈرنگ و آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی تحقیقات، چوہدری شوگر ملز کیس میں ملزم میاں نواز شریف، مریم نواز، ملزم یوسف عباس اور ملزم عبدالعزیز کیخلاف مبینہ منی لانڈرنگ کی انکوائری، پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں ملزم اکرام نوید کیخلاف مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی تحقیقات سمیت دیگر کیسز میں ہونے والی پیشرفت پر جامع بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے شہزاد سلیم کی سربراہی میں نیب لاہور کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

مزیدخبریں