سری لنکن بورڈ نے دورہ پاکستان کی باضابطہ منظوری دے دی

14 Nov, 2019 | 10:05 PM

Arslan Sheikh

( شہبا زعلی ) ملک میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی، سری لنکن بورڈ نے دورہ پاکستان کی باضابطہ منظوری دے دی، سری لنکن ٹیم راولپنڈی اور کراچی میں دو ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔

ٹی ٹونٹی اور ون ڈے انٹر نیشنل کرکٹ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی بھی پاکستان میں واپسی ہوگئی۔ سری لنکن بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ سری لنکن ٹیم پاکستان کیخلاف راولپنڈی اور کراچی میں دو ٹیسٹ میچز کھیلے گی، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں ‏پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15 دسمبر تک پنڈی سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ ‏دوسرا ٹیسٹ میچ 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل افئیرز ذاکر خان نے سری لنکن ٹیم کے ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان آنے کو شاندار خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ سری لنکن ٹیم کا ٹیسٹ سیریز کیلئے رضامند ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کرکٹ کیلئے ایک محفوظ ملک ہے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ایشلے ڈی سلوا نے اپنے پیغام میں کہا کہ ‏ہم ایک بار پھر دورہ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں، ہمیں ‏یقین ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کیلئے یہاں کنڈیشنز سازگار ہیں اور دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے تمام اہم کھلاڑی پاکستان آنے پر رضامند ہو گئے ہیں جبکہ سری لنکن ٹیم 8 دسمبر کو پاکستان پہنچے گی۔

مزیدخبریں