مہنگے ہومیو پیتھک ڈاکٹرز ایف بی آر کے ریڈار پر آگئے

14 Nov, 2019 | 02:45 PM

Sughra Afzal

(رضوان نقوی) کروڑوں روپے کی آمدن چھپانے والے مہنگے ہومیو پیتھک ڈاکٹرز بھی ایف بی آر کے ریڈار پر آگئے، لال پل کے قریب واقع لیاقت ہومیو پیتھک کلینک کے مالک ڈاکٹر لیاقت علی کو گزشتہ تین سال کے دوران آمدن چھپانے پر20 کروڑ روپے کا شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے لیاقت ہومیو پیتھک کے مالک ڈاکٹر لیاقت علی کا 3 سال کا انکم ٹیکس آڈٹ کرکے بیس کروڑ روپے کا شوکاز نوٹس جاری کردیا، ڈاکٹر لیاقت علی نے سال 2016 میں 5 لاکھ  15ہزار، سال 2017 میں 5 لاکھ 28 ہزار روپے انکم ظاہر کی، اسی طرح سال2018 میں5 لاکھ  35ہزار روپے انکم ظاہر کی، ڈاکٹر لیاقت علی نے گزشتہ تین سال کے دوران مجموعی انکم 15 لاکھ 78 ہزار روپے ظاہر کی، ایف بی آر نے ڈاکٹر لیاقت علی کی ڈاکخانوں کے ذریعے ارسال کی گئی ادویات اور کمائی کا 3 سالہ ریکارڈ حاصل کرلیا۔

  ایف بی آر ذرائع کےمطابق ڈاکٹر لیاقت علی کو سال 2016 میں بذریعہ ڈاکخانہ 9 کروڑ، سال2017 میں 10 کروڑ جبکہ سال 2018 میں7 کروڑ 9 لاکھ روپے موصول ہوئے۔

ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر لیاقت علی نے ایف بی آر سے دیگر شہروں سے بذریعہ ڈاکخانہ بھجوائی گئی ادویات کی کروڑوں روپے کی آمدن چھپائی تھی، ایف بی آر نے نوٹس بھیج کر26 نومبر تک جواب طلب کرلیا۔

مزیدخبریں