(قذافی بٹ) پنجاب حکومت کا بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کیلئے روڈ میپ تیار، بھٹہ مالکان کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی پر بھی غور کیا گیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات، صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سموگ کی روک تھام اور اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں بھٹوں کوزگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کیلئے بھٹہ مالکان کی مشاورت سے روڈ میپ وضع کرنے پر اتفاق کیا گیا، وضع کردہ روڈ میپ کے تحت 8 ہزار بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسلم اقبال نے کہا کہ ہمیں بھٹے بند کر کے کسی کا روزگار ختم نہیں کرنا بلکہ سموگ کے مسئلے پر قابو پانا ہے، نئی نسل کو آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے۔