بہن کو وحشی مگرمچھ کے جبڑوں سے چھین لینے والی خاتون کیلئے برطانیہ کا شاہی میڈل

14 May, 2024 | 07:53 PM

 میکسیکو میں ایک برطانوی خاتون نے اپنی جڑواں بہن کو  وحشی مگرمچھ کے جبڑوں سے بچانے کے لئے اس درندے پر اپنے نازک ہاتھوں سے مکوں کی بارش کر دی۔ 

مگرمچھ مکوں کی ناگہانی بارش سے گھبرا کر اپنے شکار کو بھول گیا اور جان بچانے کے لئے پیچھے ہٹ گیا۔بہادر خاتون کو  اس کارنامے پر برطانیہ کے بادشاہ  چارلس سوئم کی طرف سے بہادری کا میڈل دیا جا رہا ہے۔

جارجیا اور میلیسا لوری نامی بہنوں کے ساتھ یہ واقعہ 2021 میں میکسیکو میں پیش آیا تھا۔

مگر مچھ کے حملے کے وقت وہ دونوں ایک دریا میں تیراکی کر رہی تھیں جب میلیسا نے ایک مگرمچھ کو پانی کے قریب دیکھا تو دونوں بہنیں بدحواس ہوکر اس سے دور ہٹنے لگیں۔

جارجیا تو کنارے پر پہنچ گئی مگر میلیسا کو مگرمچھ نے پانی میں کھینچ لیا اور زیرآب گھمانے لگا۔

جارجیا  نے یہ دیکھ کر پانی میں چھلانگ لگائی اور 2 بار مگرمچھ سے مقابلہ کرکے اپنی جڑواں بہن کی جان بچائی۔

اس بہادرانہ اور بہن کے لئے محبت سے بھرے عمل کی وجہ سے برطانوی بادشاہ کی جانب سے انہیں گیلینٹری میڈل عطا کیا جا رہا ہے۔

بادشاہ کی طرف سے یہ میڈل ایسے شہریوں کو دیا جاتا ہے جو کسی کی زندگی بچانے کے لیے اپنی جان داؤ پر لگانے سے نہیں گھبراتے۔ 
جارجیا نے میڈل ملنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ میڈل ایک دہشت ناک تجربے کا انعام ہے۔ اس سے ہمارے صدمے میں کمی آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ میلیسا کی بہادری کی وجہ سے حیران کن ہوا جس نے مگرمچھ کے سامنے ہار نہیں مانی جس سے مجھے لڑنے میں مدد ملی۔

دونوں بہنوں کے جسموں پر اب بھی اس واقعے کے نشانات موجود ہیں۔

جارجیا نے مگرمچھ کے منہ پر ایک ہاتھ سے مکے برسائے اور ان کا ہاتھ مگر مچھ کے دانتوں سے زخمی ہوا مگر ان کے مکے مؤثر ثابت ہوئے اور مگرمچھ نے میلیسا کو چھوڑ دیا۔

دریا سے گزرنے والی ایک کشتی نے دونوں بہنوں کو قریبی اسپتال میں منتقل کیا، جس دوران میلیسا  گہرے زخموں کے باعث زندگی اور موت کی جنگ لڑتی رہیں۔

ان کے معدے، آنتوں اور کلائی پر زخم آئے تھے جبکہ ٹانگوں پر بھی مگرمچھ نے کئی بار کاٹا۔

اب یہ دونوں بہنیں لندن کے دریائے ٹیمز پر 13 کلومیٹر طویل تیراکی کے مقابلے میں حصہ لینے کی تیاری کر رہی ہیں۔

یہ مقابلہ اگست میں ہوگا۔ اس مقابلے کا مقصد فلاحی مقاصد کے لیے فنڈز اکٹھے کرنا ہے۔

مزیدخبریں