ابوزر وسیم :کلونٹرف کرکٹ کلب گراؤنڈ ڈبلن میں پاکستان اور آئر لینڈ کے تیسرے فیصلہ کن ٹی ٹوینٹی میچ میں پاکستان نے آئر لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر میچ جیت لیا اور سیریز بھی دو ایک سے جیت لی۔
پاکستانی بیٹرز نے 17 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔ اعظم خان 18 رنز اور عماد وسیم 1 رن بنا کر ناٹ آؤٹ واپس گئے۔
قبل ازیں محمد رضوان اور بابر اعظم نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 139 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے قریب پہنچا دیا۔ اوپنر محمد رضوان 16 ویں اوور میں 38 گیندوں سے 56 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے اور کپتان بابر اعظم نے42 گیندوں سے75رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اوپنر صائم ایوب 3 چوکوں کی مدد سے 14 رن بنا کر تیسرے اوور میں مارک ایڈائر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے تھے۔
بابر اعظم کے ایک اوور میں چار چھکے
بابر اعظم نے اپنی ہاف سینچری چھکا مار کر بنائی۔ انہوں نے 14 ویں اوور میں بین وائٹ کو لگاتار 3 چھکے مارے اور ایک ڈوٹ بال کھیلنے کے بعد مزید ایک چھکا مار دیا۔انہوں نے اپنی برقی اننگز میں 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے پون سینچری سکور کی۔ آج کی اننگز سے بابر اعظم کا اوسط سٹرائیک ریٹ مزید بہتر ہو گیا ہے۔
آئر لینڈ کی بیٹنگ
آئر لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 20 اوورز میں 178 رنز بنائے تھے۔ آئرش ٹیم کے لورکن ٹکر نے 73 رنز بنائے۔
پاکستانی باؤلرز نےپندرھویں، سولہویں اور سترھویں اوور میں تین قیمتی وکٹیں گرا کر آخری اوورز میں آئرش سائیڈ کی بڑا مجموعہ بنانے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ بیٹر جارج ڈوکریل 17 ویں اوور میں 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ کرٹیس کیمفر ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ مارک ایڈائر 19 ویں اوور کی تیسری گیند پر آؤٹ ہوئے، ان کا انفرادی سکور بھی ایک تھا۔ بیس اووروں کے اختتام پر سات وکٹیں گنوا کر آئرش ٹیم 178 رنز بنا سکی ہے۔
پندرھویں اوور کی پانچویں گیند پر آئر لینڈ کے سب سے خطرناک بیٹر لورکن ٹکر عماد وسیم کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ لورکن ٹکر 41 گیندوں سے 73 رنز بنا کر واپس گئے، انہوں نے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے یہ مجموعہ بنایا۔
آج سیریز کے فیصلہ کن میچ کے تیسرے اوور کی پہلی گیند پر شاہین آفریدی نے اوپنر ایڈائر کی وکٹ گرا دی تھی۔ اس کے بعد آئرش بیٹر کچھ ہی دیر دباؤ میں رہے تھے اور بالبرنی نے ٹکر کے ساتھ مل کر ٹیم کا رن ریٹ بڑھانے میں کامیابی حاصل کر لی تھی۔ بالبرنی اور ٹکر کی پارٹنر شپ 85 رنز کی رہی۔
آئرش سائیڈ کی دوسری وکٹ 11 ویں اوور کی پانچویں بال پر گری جب اوپنر اینڈریو بالبرنی عباس آفریدی کی بال پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ بالبرنی نے 26 گیندوں سے 35 رنز بنائے اور ٹیم کو ابتدا میں پڑنے والی مشکل سے سمجھداری کے ساتھ نکالا۔
آئرلینڈ کے اوپنر اینڈریو بالبرنی نے شاہین آفریدی کو پہلے اوور میں دو چوکے مار کر جارحانہ اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے اوپنر روز ایڈائر نے عامر خان کو چھکا مار کر اپنا اکاؤنٹ اوپن کیا۔
پہلے اوور میں آئرش ٹیم کا رن ریٹ 10 تک گیا تھا جو بعد میں کم ہو کر 8 رہ گیا۔ دوسرے اوور میں ایڈائر نے چھکا تو مار دیا لیکن پاکستان نے رن ریٹ تب بھی کنٹرول کر لیا اور دو اوورز کے اختتام پر رن ریٹ 6.2 رہ گیا۔ تیسرے اوور میں ایڈائر کی وکٹ گرنے کے بعد رن ریٹ مزید کم ہو کر 5.33 رہ گیا تھا۔
پاکستان کی باؤلنگ
پاکستان آئرلینڈ سیریز کے آخری میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے4 اووز میں صرف 14 رنز کے عوض 3 وکٹیں گرائیں، عباس آفریدی نے 2، محمد عامر اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آج کے میچ کی زیادہ اہمیت اس لئے ہے کہ اس میچ سے سیریز کا فیصلہ ہو گا۔
ٹاس
آج میچ کیلئے ٹاس پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے جیتا اور دوسرے ٹی ٹوینٹی کی طرح اس میچ میں بھی انہوں نے ٹارگٹ کو چیز کرنے کا فیصلہ کیا۔ ٹاس کے بعد بابراعظم نے کہا کہ پچھلے میچ کی طرح اس میچ میں بھی جیتنے کے لئے پر امید ہیں، تمام کھلاڑی اچھی پرفارمنس دینے کے لئے پرجوش ہیں، ہماری کوشش ہو گی کہ آئرلینڈ کو کم سے کم رنز تک محدود کریں، ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے نسیم کی جگہ پر حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔