عظمت مجید : صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی برٹش ہائی کمیشن کے وفد سے ملاقات ہوئی ۔
پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں ملاقات کی گئی، جہاں سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ وفد میں فارن، کومن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس سے کورڈ سٹرونوج،ڈاکٹر سارہ شہزاد ، جو مائر، مریم ،ڈاکٹر ککلزیاد، رؤف گنڈاپور، عین المعین، جیبولانی نینوا اور محمد وسیم شامل تھے۔
ملاقات میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ برٹش ہائی کمیشن کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں، میاں نواز شریف نے 2015 میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کا آغاز کیا تھا، مریم نواز شریف نے 2015 میں بھی ہیلتھ انشورنس پروگرام بارے رہنمائی فرمائی تھی۔ ہیلتھ انشورنس پروگرام کو یونیورسل کرکے قوم کے اربوں روپے ضائع کئے گئے، ہیلتھ انشورنس پروگرام کو عوام کیلئے سود مند بنانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز اپنی تمام تر توجہ نظام صحت کی بہتری کیلئے مرکوز کئے ہوئی ہیں، ہیلتھ انشورنس پروگرام کی بہتری کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں۔ وفد کا پنجاب حکومت کو صحت کے شعبہ میں تعاون کی پیشکش پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام بنیادی مراکز صحت کو ری ویمپ کرنے جا رہے ہیں، ہیلتھ انشورنس پروگرام کا فنانشل ماڈل بہتر کرنا ہوگا۔ ٹیچنگ ہسپتالوں کی چلڈرن ایمرجنسز کے حالات بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
برٹش ہائی کمیشن کے وفد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے بنیادی مراکز صحت کو ری ویمپ کرنا انتہائی خوش آئند ہے، حکومت پنجاب کے ساتھ صحت کے شعبہ میں مکمل تعاون کی پیش کش کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بہترین خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔