ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 آزاد کشمیر کی عوام نے تحریک کو کامیاب بنایا، بنیادی نکات منوا لئے:عوامی ایکشن کمیٹی

 آزاد کشمیر کی عوام نے تحریک کو کامیاب بنایا، بنیادی نکات منوا لئے:عوامی ایکشن کمیٹی
کیپشن: File photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک)عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما و چئیرمین مرکزی انجمن تاجران شوکت نواز میر نے کہا کہ ایک سال کی جدوجہد کے بعد عوامی حقوق کے حصول میں کامیاب ہوئے ہیں۔

 مظفرآباد میں  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت نواز میر کا کہنا تھا کہ  سستی بجلی،  سستا آٹا اور طبقہ اشرافیہ کی مراعات میں کمی جیسے بنیادی نکات منوا لئے، آزاد کشمیر کی عوام نے بلا تخصیص اس تحریک کو کامیاب بنایا۔

 جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے مطالبات کی منظوری کے بعد شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال ختم کردی،جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطابق گزشتہ روز ناخوشگوار واقعات کی وجہ سے تین بجے تک سوگ رہے گا ، تین بجے کے بعد شٹر ڈاؤن ، پہیہ جام ہڑتال ختم تصور ہوگی ۔

 آزاد جموں و کشمیر حکومت نے مطالبات تسلیم کر لئے ہیں جس کے بعد اب احتجاج کا کوئی جواز باقی نہیں ہے ، دارالحکومت سے قافلے واپس گھروں کو روانہ ہونے لگے۔

 واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے کیا جانے والا احتجاج کامیاب ہوگیا ،  پُر تشدد احتجاج پر وزیرِاعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس طلب کیا تھا جس میں  وزیرِ اعظم انوارالحق اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔

 اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کو 23 ارب روپے کا خصوصی مالیاتی پیکیج دیدیا گیا، حکومت آزاد کشمیر یہ رقم آٹے اور بجلی کی سبسڈی پر خرچ کرے گی۔

 ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے گئے، بجلی فی یونٹ 3 روپے مقرر کر دی گئی، 100 سے 300 یونٹ تک 5 روپے، 300 سے زائد یونٹس پر 6 روپے فی یونٹ مقرر کر دیے گئے۔

 20 کلو آٹے کی قیمت 1 ہزار روپے مقرر کی گئی ، اس سے قبل آٹے کا ریٹ 3100 روپے من تھا جس پر 1100 روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔

 یاد رہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 11 مئی کو بجلی کے بلوں میں کمی ، آٹے پر سبسڈی دینے سمیت دیگر مطالبات کےحق میں مظفرآباد کی طرف لانگ مارچ اور آزاد کشمیر اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا۔