ہم نو مئی واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد نہیں ہے، مولانا فضل الرحمان

14 May, 2024 | 12:31 AM

سٹی42: جمعیت علمائے اسلام  کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ ہم بھی 9مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ ریاستی تنصیبات پر حملہ کرنا قابل مذمت ہے۔ پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد نہیں، سیزفائر ہے۔   

فیصل آباد میں مولانا فضل الرحمان نے جامعہ عبیدیہ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ سیاسی قوتوں کو آپس میں نہیں لڑنا چاہیے۔ عوام موجودہ پارلیمنٹ کو اپنی نمائندہ پارلیمنٹ نہیں سمجھتے،پیپلزپارٹی حکومت کا حصہ نہیں اس لئے یہ اقلیتی حکومت ہے۔ ابھی ہم تحریک چلا رہے ہیں،عدم اعتماد بعد کی بات ہے، یکم جون کو ہم مظفر گڑھ میں ملین مارچ کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ کی اہمیت ختم کر چکی ہے۔ ہم تحریک چلا رہے ہیں،اصلاح کیلئے ادارے موجود ہیں،آئین سے ماورا الیکشن ہوں اور الیکشن کمیشن ہاتھ پہ ہاتھ دھر کے بیٹھا رہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا  کہ لوگ فوج کو سیاسی جماعت سمجھیں تو نظام کیسے چلے گا۔ جن پر ہمیں اعتراض ہے ان کے پاس کوئی راستہ نہیں۔ آوازیں آ رہی ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ ہی دھاندلی کی ذمہ دار ہے۔ یہی صورتحال رہی تو نظام تباہ ہو جائے گا۔ 
انہوں نے کہاکہ نو مئی کے حوالے سے ہمارے بھی تحفظات ہیں۔ سیاستدانوں کو فکر کرنا ہو گی کہ ہمارے الیکشن متنازع ہوتے ہیں۔ ملک کا نظام اس وقت خراب ہے۔  آئین موجود ہے لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہے۔ اٹھارویں ترمیم کیلئے بھی مل کر بیٹھے تھے۔ جب آئین پر عمل ہی نہیں کرنا تو آئین کیوں بنایا۔

مولانا کا کہناتھا کہ ہماری سیاست کھلی سیاست ہے،اداروں کو اپنے دائرہ کار کے اندر جانا ہوگا،نو مئی کے حوالے سے الیکشن سے پہلے یا بعد کی صورتحال کا جائزہ لینا ہے۔  اسٹیبلشمنٹ اب بند گلی میں جا چکی ہے،پی ٹی آئی کی طرف سے سیز فائر ہے جو خوش آئند ہے،سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر ان کا راستہ روکنا ہو گا،پیپلز پارٹی آئینی عہدے بھی لے رہی ہے اور کہتی ہے ہم حکومت میں نہیں۔

مزیدخبریں