نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں قائمقام باؤلنگ کوچ سے کام چلایا جانے لگا

14 May, 2021 | 04:30 PM

Arslan Sheikh

حافظ شہباز علی: نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے باؤلنگ کوچ محمد زاہد کو مستعفی ہوئے تین ماہ سے زائد کا وقت گزر گیا مگر ابھی تک نئے باؤلنگ کوچ کی تقرری کا عمل شروع نہ ہوسکا۔

باؤلنگ کوچ محمد زاہد کو مستعفی ہونے کے تین ماہ سے زائد وقت گزرنے کے باوجود باؤلنگ کوچ کی تقرری کا عمل شروع نہ ہوسکا۔ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر عمر رشید قائمقام باؤلنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں، جنوری کے اختتام پر محمد زاہد نے اپنا استعفی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کو بھجوایا تھا۔ ذرائع کے مطابق عید کے بعد این ایچ پی سی میں باؤلنگ کوچ کی تعیناتی کے معاملے پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں سابق ٹیسٹ کرکٹر یاسر عرفات، محمد سمیع،شاہد نذیر اور عامر نذیر عہدے کے مضبوط امیدوار ہیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر یاسر عرفات انگلینڈ میں مقیم ہیں اور انہوں نے انگلینڈ ہی میں کوچنگ کورسز کئے ہیں جبکہ سابق ٹیسٹ فاسٹ باولر شاہد نذیر بھی انگلینڈ سے کوچنگ کورس کرچکے ہیں۔ دوسری جانب سابق ٹیسٹ فاسٹ باولر محمد سمیع نے حال میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر سے کوچنگ کورس کیا جبکہ عامر نذیر ماضی میں جونئیر سلیکٹر کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے ڈائریکٹر ندیم خان انگلینڈ سے وطن واپسی پر بورڈ حکام سے باؤلنگ کوچ کی تقرری کی اجازت لیں گے جبکہ بورڈ کے کچھ آفیشلز عمر رشید کو مستقل باؤلنگ کوچ تعینات کرنے کے حق میں ہیں۔نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کاسیٹ اپ تبدیل ہونے پر عمر رشید کی خدمات ویمن ونگ کے حوالے کردی گئی تھیں تاہم محمد زاہد کے مستعفی ہونے پر عمر رشید کو وقتی طور پر نیشنل ہائی پرفارمنس میں ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

مزیدخبریں