سٹی 42: کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ، صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے سرکاری و نجی سکولز 23 مئی تک بند رہیں گے، این سی او سی کے تحت وزرائے تعلیم کانفرنس 18 مئی کو ہو گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مراد راس نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری و نجی سکول 23 مئی تک بند رہیں گے۔ 18 مئی کو تعلیمی ادارےکھولنے یا مزید بند رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
قبل ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ این سی او سی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بیماری کے رجحان کے پیش نظر 17 مئی تک بند کئے گئے تعلیمی ادارے اب 23 مئی 2021 تک بند رہیں گے۔
دوسری جانب شہر لاہور کے باسی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئےگھر وں پر رہے۔ شہر کی سڑکیں ویران، تمام تفریحی مقامات بھی مکمل بند رہے۔ حکومتی احکامات پر عملدرآمد کروانے کے لیے پولیس کی جانب سے شہر بھر میں گشت جاری رہا۔عید الفطر کے موقع پر شہریوں کی آمدورفت محدود رکھنے کیلئے پولیس کی ناکہ بندی بھی جاری رہی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچنے کیلئے ایس او پیز کو فالو کررہے ہیں۔
ملک میں کورونا مزید 126 افراد کی جان لے گیا، چوبیس گھنٹوں میں 3ہزار 265 نئے کیس بھی سامنے آگئے۔ ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 73 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ لاہور ڈویژن میں کورونا کے تین سو اسی مریضوں کا اضافہ ہواہے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران آٹھ افراد کورونا سے زندگی کی بازی ہار گئے۔