او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا

14 May, 2021 | 08:49 AM

Ibrar Ahmad

 ویب ڈیسک :اسرائیلی مظالم کیخلاف او آئی سی کا ہنگامی اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر طلب کیا گیا ہے اور اتوار کو  ہونے والے او آئی سی کےاجلاس میں فلسطین کے معاملے پر غور ہو گا۔

تفصیلات کےمطابق او آئی سی کا ہنگامی اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر طلب کیا گیا ہے،اس سے قبل اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کو بنیادی انسانی حقوق اور اخلاقیات کے خلاف اقدام قرار دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران اسرائیلی فوج نے مسجد الاقصیٰ میں گھس کر 300 سے زائد نمازیوں کو زخمی کردیا تھا جس کے بعد سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے،اسرائیل کے غزہ پر گزشتہ ایک ہفتے سے جاری حملے کے نتیجے میں کئی بچوں سمیت 84 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

 یادرہےکہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف آواز بلند کرتے ہوئے اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے وزیراعظم عمران خان نے فلسطینی صدر محمود عباس کو فون کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے فلسطینی صدر کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور فلسطینی عوام کی جدوجہدکی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم نے مسجد اقصیٰ پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ حملہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے۔وزیراعظم نے فلسطینی صدر محمود عباس کو انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر بین الاقوامی برادری کو متحرک کرنے میں پاکستان کی کوششوں کی یقین دہانی کرائی ۔

مزیدخبریں