کل سے مکمل لاک ڈاؤن

14 May, 2020 | 10:43 PM

Malik Sultan Awan

(عرفان ملک) کل سے شہر بھر میں مکمل لاک ڈاؤن ہوگا،  مارکیٹس، بازار، دکانیں بند جبکہ ہر قسم کی غیر ضروری نقل و حرکت پر بھی مکمل پابندی ہوگی، سی سی پی اوکہتے ہیں، حکومتی اقدامات کی سو فیصد پاسداری کروائی جائے گی ۔

تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور ذوالفقارحمید نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق کل سے شہر بھر میں مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔ مارکیٹس، بازار، دکانیں بند جبکہ ہر قسم کی نقل و حرکت پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ تمام پرائیویٹ دفاتر بھی بند رہیں گیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈبل سواری سمیت ہر قسم کی ٹرانسپورٹ پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس ضمن میں شہر بھر میں لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے کےلئے جگہ جگہ ناکہ بندی کی جائے گی۔ ذوالفقارحمید نے کہا کہ غیر ضروری گھروں سے نکلنے والوں کےخلاف کارروائی ہوگی۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پریشانی سے بچنے کیلئے گھروں میں محفوظ رہیں۔ سربراہ لاہور پولیس نے پولیس افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نماز جمعہ کے دوران حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جائے۔ مساجد اور عبادت گاہوں کے اندر اور باہر سوشل ڈیسٹنس پالیسی کو یقینی بنایا جائے۔ جمعہ کے نماز کے وقت مساجد اور عبادت گاہوں کے ارد گرد ڈولفن اور پیرو فورس کی گشت میں اضافہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ 9 مئی کو  پنجاب  حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس میں ہفتے کے چار دن پیر، منگل، بدھ اور جمعرات کو دکانیں اور عام بازار کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔

مزیدخبریں