عامر ڈوگر : مظفرگڑھ کے حلقہ پی پی 269 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل شروع نہ ہوسکا۔
پی پی 269 سے آزاد امیدوار اقبال خان پتافی کی جانب سے ویڈیو بیان جاری کیا، جس میں ان کا کہنا تھاکہ چیف الیکشن کمشنر کے احکامات پر دوبارہ گنتی کے لیے 11 بجے کا وقت مقرر کیا گیا تھا. سمن موصول ہونے پر پی پی 269 کے بیشتر امیدوار یا ان کے وکلاء پہنچے ہوئے ہیں. کوئی قانونی کاغذات ہی دکھا دیں جس کی وجہ سے دوبارہ گنتی کے عمل کو روکا ہوا ہے.
آزاد امیدوار نے دعویٰ کیا کہ دوبارہ گنتی کا عمل روکنے کی ایم پی اے علمدار عباس قریشی کی رٹ بھی لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ سے خارج ہوگئی.انہوں نے کہا کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی روکنے کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے.
اقبال خان پتافی نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن کے احکامات کے تحت دوبارہ گنتی کا عمل فی الفور شروع کیا جائے.
واضح رہے کہ انتخابات میں اقبال خان پتافی پیپلزپارٹی کے امیدوار علمدار عباس قریشی سے 1506 ووٹوں سے ہار گئے تھے۔