چین کا اپنی سرحدیں غیر ملکی سیاحوں کیلئے کھولنے کا اعلان

14 Mar, 2023 | 02:06 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے کورونا وائرس کے آغاز سے بند اپنی سرحدیں غیر ملکی سیاحوں کے لیے کھولنے کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین نے کورونا وائرس کے بعد تین سال سے ملک میں غیرملکی سیاحوں کی آمد پر پابندی عائد کررکھی تھی جسے اب اٹھاتے ہوئے غیر ملکی سیاحوں کے لیے ویزے بحال کردیے ہیں۔

بیجنگ کی جانب سے کورونا وائرس کے خلاف کامیابی کے اعلان کے بعد حکومت نے سفری اور سیاحتی پابندیوں کو لے کر یہ اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔

چینی حکومت نے 20 مارچ 2020 سے غیر ملکی سیاحوں کو ویزے جاری کرنا بند کردیے تھے جس سے چین کی معیشت کو خاطر خواہ نقصان پہنچا تاہم اب چینی حکومت نے 28 مارچ سے سیاحوں کے لیے ویزوں کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کروز شپ کے ذریعے شنگھائی اور ہینان جزیرے سے آنے والوں کے لیے ویزا فری انٹری کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ ہانگ کانگ اور مکاؤ سے آنے والے  سیاح بھی ویزا فری انٹری کے اہل ہوں گے۔

اس کے علاوہ یورپ میں موجود چین کے سفارتخانے ویزا درخواستوں کی بحالی کا عمل بھی جلد شروع کریں گے۔

چین کی معیشت میں سیاحت کا بھی اہم کردار ہے اور کورونا کے باعث سیاحت بند ہونے سے چینی معیشت کو بڑا نقصان ہوا تاہم اب چینی حکام تین سال بعد سیاحت کھولے جانے پر بڑی تعداد میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد کا امکان ظاہر کررہے ہیں۔

چین کا کہنا ہےکہ 2022 میں اس کی جی ڈی پی میں صرف تین فیصد اضافہ ہوا جو تقریباً 50 سال کے بعد بدترین شرح ہے۔

مزیدخبریں