ویب ڈیسک: واٹس ایپ نے صارفین کی پریشانی حل کرنے کیلئے خودبخود غائب ہونے والے پیغامات کو محفوظ بنانے کیلئے فیچر میں تبدیلی شروع کردی۔
واٹس ایپ پر نظر رکھنے والے ادارے ڈبلیو اے بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے خود بہ خود غائب ہونے والے فیچر کو مزید کارآمد بنانے کے لیے اس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے پر کام شروع کردیا ہے۔ صارف جب غائب ہونے والے پیغامات کے آپشن کو فعال کرتا ہے تو اُس کی خواہش ہوتی ہے کہ دوسرے شخص کے پڑھنے کے بعد پیغامات غائب ہو جائیں لیکن بعض اوقات ایسا پیغام بھیجا جاتا ہے جو اہم ہو اور مستقبل کے لیے کارآمد ہوتا ہے۔
صارفین کو یہ شکایت تھی کہ اُن کے دوستوں کی جانب سے بھیجے جانے والے اہم پیغامات بھی غائب ہوجاتے ہیں، جس پر اب کمپنی نے کام شروع کردیا ہے۔اس مقصد کے لیے واٹس ایپ اس فیچر میں ایک ایسی سہولت کی آزمائش کر رہا ہے جس کی مدد سے صارفین غائب ہونے والے میسجز میں سے اہم پیغامات بعد میں بھی دیکھ سکیں گے۔
واٹس ایپ نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ فیچر ابتدائی مراحل میں ہے تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا واٹس ایپ کی جانب سے مستقل طور پر اس کا انتخاب کب کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ کے دنیا بھر میں دو ارب سے زائد صارفین ہیں جنہیں سہولیات فراہم کرنے کے لیے کمپنی کی جانب سے آئے روز نت نئے فیچرز یا سہولیات پیش کی جاتی ہیں۔