(عرفان ملک)لاہور پولیس نے ہائی پروفائل کیسز کی تفتیش کے لئے جدید انیٹروگیشن سیل قائم کر دیا ہے جہاں بین الاقوامی معیار کے مطابق تفتیشی آلات نصب کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق اہم کیسز کی تحقیقات کے لئے جدید انیٹروگیشن سیل قائم کر دیا ہے، سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن آفس کا دورہ کرکے تفتیشی سیل کا معائنہ کیا،ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید، ڈی آئی جی حسین حبیب امتیاز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر اور دیگر ایس پیز بھی موجود تھے، ڈی آئی جی انعام وحید نے سی سی پی او کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تفتیشی سیل میں سنگین جرائم کی تفتیش کا جدید نظام نصب کیا گیا ہے۔
سی سی پی او ذوالفقار حمید نے ماڈرن انٹیروگیشن سیل کے قیام کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں تفتیش کے تمام عمل کی مکمل ویڈیو اور آڈیو ریکارڈنگ ہوگی، کسی کیس کی تفتیش کے دوران سنیئر افسر سامنے آئے بغیر ملزم سے پوچھ گچھ کی مانیٹرنگ کرے گا،اس مقصد کے لئے تفتیشی سیل میں کیمرے اور ساؤنڈ سسٹم نصب کیا گیا ہے،ایک ماہر نفسیات ٹی وی سکرین پر ملزم کے تاثرات کا مشاہدہ کرے گا۔
تفتیشی عمل کی نگرانی کے لئے مانیٹرنگ روم بھی بنا دیا گیا، ہائی پروفائل کیسز کی تفتیش جدید خطوط پر ممکن ہوگی، اس موقع پر سی سی پی او کی زیر صدارت لاہور کے تمام ڈویژنل ایس پیز انویسٹی گیشن کا اجلاس بھی ہوا جس میں مقدمات میں پیشرفت اور چالان کی شرح کا جائزہ لیا گیا۔
سی سی پی او نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر ’پول کام‘ پر آنے والے ڈیٹا کی روشنی میں متعلقہ ایس پیز سے تفصیل معلوم کی جائے،جن سرکلز میں چالان مقدمات کی شرح بہتر نہیں ان پر خصوصی نظر رکھی جائے۔