کورونا وائرس کا خطرہ، فلم زندگی تماشہ کی سکریننگ موخر

14 Mar, 2020 | 05:33 PM

Arslan Sheikh

( زین مدنی ) کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر لالی وڈ انڈسٹری کی فلم زندگی تماشہ کی سینٹ میں ہونے والی سکریننگ بھی معطل کردی گئی۔ فلم کی سکریننگ کی نئی تاریخ کا اعلان پانچ اپریل کے بعد ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق سینٹ فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق نے مرکزی فلم سنسر بورڈ کی جانب سے فلم زندگی تماشہ کی اسکریننگ کو موخر کر دیا ہے۔ سینٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری ایک مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ فلم زندگی تماشا کی اسکریننگ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہونا تھی لیکن اس کو فی الحال موخر کردیا گیا ہے اور اگلی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر حکومت نے سینما پانچ اپریل تک بند کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہوئے ہیں۔ چیئرمین مرکزی فلم سنسر بورڈ دانیال گیلانی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جیسے ہی نئی تاریخ کا اعلان ہوگا فلم فنکشنل کمیٹی کو دکھا دی جائے گی۔

پچھلے ہفتے ہونے والی سینٹ کمیٹی کی میٹنگ میں وزارت اطلاعات اور مرکزی فلم سنسر بورڈ کو ہدایات دی گئی تھیں کہ فی الحال اسلامی نظریاتی کونسل کو یہ فلم نہ دکھائی جائے۔

کمیٹی کے چیئرمین مصطفیٰ نواز کھو کھر نے کہا تھا کہ فلم زندگی تماشہ پہلے کمیٹی خود دیکھے گی جس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ اس کو اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیجنے کی ضرورت ہے یا اس کے بغیر ہی ریلیز کر دینی چاہئے۔ 

مزیدخبریں