پی سی بی کیلئے نیا ڈومیسٹک سٹرکچر تشکیل دینا درد سر بن گیا

14 Mar, 2019 | 07:10 PM

Shazia Bashir

سٹی42: پاکستان کرکٹ کے لئے نیا ڈومیسٹک سٹرکچر تشکیل دینا پی سی بی کے لئے درد سر بن گیا، اداروں کے بعد ریجنل نمائندوں نے بھی پی سی بی کے مجوزہ ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر کو مسترد کردیا ہے۔

ڈومیسٹک کرکٹ کے نئے سٹرکچر کی تیاری کیلئے ریجنل نمایندگان کا اجلاس ختم ہو گیا، اجلاس میں کراچی اور راولپنڈی ریجنل کرکٹ نمائندگان نے شرکت نہیں کی، اجلاس میں پی سی بی کے مجوزہ نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر پر ریجنل نمائندگان نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اداروں میں ضم ہونے کی مخالفت کردی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پی سی بی گورننگ بورڈ کے سابق اہم رکن اور پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید کے درمیان شدید تلخ کلامی ہو ئی گورننگ بورڈ کے سابق رکن نے ہارون رشید کو پاکستان کرکٹ کی موجودہ حالت کا ذمہ دار قرار دے دیا۔

اسی دوران ریجنل نمائندوں نے بھی ہارون رشید سے کئی سوالات کئے جس پر ہارون رشید کوئی لاجواب ہو گئے، ذرائع کے مطابق ہارون رشید اجلاس کے دوران بے بس ہوگئے جس پر ٹاسک فورس کے چیئرمین نے صورت حال کو کنٹرول کیا۔  ریجنل نمائندگان کا کہنا تھا کہ نیا نظام لانے کی بجائے موجودہ سسٹم کی خامیاں دور کی جائیں، اور بورڈ اور ریجنل کرکٹ نمائندگان میں رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت ہے، پی سی بی کے نئے مجوزہ ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر میں ریجنل اور ڈومیسٹک نمائندگی کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹاسک فورس کے چیئرمین نے ریجنل نمائندوں کا موقف چیئرمین پی سی بی کے سامنے بھر پور اندازمیں پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مزیدخبریں