سٹی42:رائیونڈ میں نثارچیک پوسٹ کے قریب دھماکہ، 5 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید اور 20 زخمی ہو گئے، آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ خودکش دھماکہ لگتا ہے۔
رائیونڈ کے علاقے نثارچیک پوسٹ کے قریب ہونے والے دھماکے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید اور 20 زخمی ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں 2 سب انسپکٹرز بھی شامل ہیں۔ دھماکے کی نوعیت اتنی شدید تھی کہ رائیونڈ اجتماع تک آواز سنی گئی۔شہیدہونیوالوں میں سب انسپکٹرمحمداسلم، کانسٹیبل سعید، کانسٹیبل تنویر اور شہری عامر آفریدی شامل ہیں، زخمیوں میں اے ایس پی رائیونڈ محمد زبیر نذیر اور ایس ایچ او نواب ٹاؤن بھی شامل ہیں۔ دیگر زخمیوں میں پولیس اہلکار اصغر، امین،عرفان، خان گل شامل ہیں۔دھماکے کے بعد قانون نافذکرنیوالےاداروں کےاہلکار اور رینجرز کی کوئیک رسپانس فورس موقع پر پہنچ گئی، شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پرسکیورٹی سخت کر دی گئی۔
آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز،سی سی پی او امین وینس اور ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدراشرف جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ آئی پنجاب کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ دھماکہ خود کش لگتا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے بھی جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کی، انہوں نے کہاکہ خودکش حملہ آور کے اعضاء مل گئے ہیں، حملے میں پولیس کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔