اسلام آباد پولیس کے ایس پی خواتین کو شر پسندوں سے بچاتے ہوئے خود زخمی ہو گئے

14 Jun, 2024 | 11:05 PM

فرزانہ صدیق:  اسلام آباد کے ایف ٹین میں ایک ریسٹورنٹ میں خواتین کو شر پسندوں کے حملہ سے بچانے کی کوشش کے دوران پولیس کے ایس پی خان زیب اور ایک کانسٹبیل زخمی ہوگئے۔پولیس نے خواتین پر حملہ میں ملوث  8  افراد کو  گرفتار کر لیا ۔  منظم جتھے نے ریسٹورنٹ میں گھس کر وہاں موجود خواتین کو زدوکوب کیا۔ 

اسلام آباد پولیس کے مطابق  اسلامی جمعیت کے کارکنوں نے ایف ٹین میں اکٹھے ہو کر  انٹرنیشنل فاسٹ فوڈ چین کے ایک ریسٹورنٹ کو بند کرنے کی کوشش کی او ر ریسٹورنٹ میں موجود خواتین کو ہراساں کیا۔

 پولیس کے مطابق بعض شہریوں نے حملہ آوروں کے تشدد کے خوف سے  15 پر کال کی جس کے ردعمل میں ایس پی سٹی خان زیب موقع پر پہنچے۔ 

پولیس کے مطابق شر پسند عناصر کے حملے میں ایس پی سٹی زون خان زیب زخمی ہوگئے، شرپسندوں نے ایک پولیس اہلکار کو  یرغمال بنانے کی بھی کوشش کی۔

ایس پی سٹی خان زیب اور زخمی کانسٹیبل کو پمز ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ حملہ کرنے والے بعض افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

انسپکٹر جنرل اسلام آباد علی ناصر نقوی پمز ہسپتال پہنچ گئے

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی اور ڈی آئی جی اسلام آباد سید علی رضا نے اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پمز ہسپتال  پہنچ گئے۔ انہوں نے ایف ٹین ریسٹورنٹ پر  شر پسندوں کے حملے میں زخمی ہونے والے کانسٹیبل اور  ایس پی سٹی کی عیادت کی ۔

مزیدخبریں