راؤ دلشاد: سینئیر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے خواتین ونگ لاہور کی صدر سعدیہ تیمور نے اہم ملاقات کی، ملاقات میں پارٹی امور میں خواتین کے کردار کو مزید فعال بنانے اور تنظیم سازی کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں سعدیہ تیمور نے ٹریننگ سیشن اور پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔ مریم نواز نے کہا کہ آئندہ پارٹی ٹکٹ بہترین کارکردگی پر ہی ملے گا، خواتین مسلم لیگ ن کا ہراول دستہ ہے جو ہمیشہ پارٹی قائد نواز شریف اور دیگر قیادت کے ساتھ شانہ بشانہ آگے بڑھتی ہیں، خواتین کو بااختیار بنانا اور قومی ترقی کے عمل میں انہیں شامل کرنا مسلم لیگ کے منشور کا حصہ ہے۔
دوسری جانب مریم نواز سے مسلم لیگ ن لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر اور جنرل سیکرٹری عمران نذیر نے بھی ملاقات کی، اور موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی کی تنظیمی امور کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں عید کے بعد سے تمام حلقوں کی تنظیمی عہدیداران کیساتھ ملاقاتیں اور تنظیمی کنونشن کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔