پاکستان میں محفوظ خون کی ترسیل یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے،ڈاکٹر جاوید اکرم

14 Jun, 2023 | 06:38 PM

Bilal Arshad

ویب ڈیسک: نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ چلڈرن ہسپتال لاہور بچوں کے علاج کے حوالہ سے دنیا کا سب سے بڑا ہسپتال ہے۔   پاکستان میں محفوظ خون کر ترسیل کو یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے۔

ڈاکٹر جاوید اکرم نے چلڈرن ہسپتال میں ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق، ایم ڈی چلڈرن ہسپتال ڈاکٹر ٹیپو سلطان، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق نے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر طلباءو طالبات نے ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے کی مناسبت سے سائنسی نمائش کے مختلف سٹالز بھی لگائے۔

وزیر صحت نے ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے کے حوالہ سے آگاہی واک کی قیادت بھی کی۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی اہم موضوع پر تقریب کے انعقاد پر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔انسانی جسم میں خون کے بہاؤ کی بنیادی اہمیت ہے۔ یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز بنانے کا بنیادی مقصد ہی بچوں کی بیماریوں بارے ریسرچ کرنا ہے۔ 

ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کو کیو ایس رینکنگ میں لائیں گے۔ چلڈرن ہسپتال لاہور بچوں کے علاج کے حوالہ سے دنیا کا سب سے بڑا ہسپتال ہے۔ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کے تمام بلڈ بنکس کے حالات بہتر کرنے کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے ہیں۔ بدقسمتی کے ساتھ پاکستان اگلے بیس سال بعد آبادی کے اعتبار سے دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہوگا۔

انہوں نے مزید کہاکہ دنیا میں اداروں کی کامیابی قوانین کی پاسداری میں مضمر ہے۔بہت جلد صوبہ بھر میں ریفرل سسٹم میں اصلاحات لائیں گے۔یوکے میں اس وقت انتالیس فیصد بلڈ ڈونرز ہیں۔ پاکستان میں محفوظ خون کر ترسیل کو یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کا اپنا موبائل بلڈ بنک ہونا چاہئے۔یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کے طلباءو طالبات کو معاشرے میں خون عطیہ کرنے کے فوائد بارے آگاہی پھیلانی چاہئے۔

 ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ڈاکری ایک پیغمبرانہ پیشہ ہے۔ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے صحت کے نظام کو بہتر کرنا ہوگا۔ میری خواہش ہے کہ کوئی نرس بھی وائس چانسلر بنے۔  پنجاب کی طبی درسگاہوں میں کوالٹی ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ 

 وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر سائنسی نمائش کے حوالہ سے اچھے سٹالز لگانے والے طلباءو طالبات میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات بھی تقسیم کئے۔

وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق نے کہا کہ ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے کی مناسبت سے تقریب میں آمد پر نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

مزیدخبریں