پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آج دوبارہ مذاکرات ہوں گے، عائشہ غوث پاشا 

14 Jun, 2023 | 04:10 PM

ویب ڈیسک:  وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات آج دوبارہ ہوں گے۔ آئی ایم ایف نے بجٹ کے حوالے سے بعض چیزوں پر وضاحت مانگی ہے اور انہیں اخراجات، ٹیکسوں کے معاملے پر تشویش ہے۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ آئی ایم ایف نے بہت سی چیزوں پر سوال اٹھائے تھے جس پر اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف مشن چیف ناتھن پورٹر کے ساتھ ورچوئل بات چیت کی۔آئی ایم ایف نے بجٹ کےحوالے سے بعض چیزوں پر وضاحت مانگی ہے، آئی ایم ایف کو اخراجات اور ٹیکسوں کے معاملے پر تشویش ہے، ہم نے آئی ایم ایف کوبجٹ کی حکمت عملی اور وژن سے آگاہ کیا ہے، آئی ایم ایف سے کہا ہے کہ بجٹ کا مقصد معاشی گروتھ لانا ہے تاہم عالمی ادارے کے ساتھ اسٹریٹیجک لیول پر بات چیت ہورہی ہے۔

 وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اخراجات سمیت دیگر اعداد و شمار پر مزید تکنیکی بات ہوگی، آئی ایم ایف پاور ڈویژن اور اسٹیٹ بینک حکام سے بھی بات چیت کرے گا، ایکسچینج ریٹ اورپالیسی ریٹ پر آئی ایم ایف اسٹیٹ بینک سے بات کرے گا۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام کے علاوہ کوئی قدم نہیں اٹھائے گی۔ پیٹرولیم لیوی بڑھانے کا فیصلہ نہیں کیا، صرف قانون میں گنجائش رکھی ہے، اگرضرورت پڑی تو پیٹرولیم لیوی کی شرح میں اونچ نیچ کریں گے۔ 

 عائشہ غوث پاشا کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ ہفتے میں تین بار ہوتی ہے۔ 

مزیدخبریں