(مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور اور اس کے نواح میں 4 مقامات پر آگ لگنے سے دو افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے، وزیراعلیٰ پنجاب نے کمشنر لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔
لاہور میں فیروز والا کے علاقے رچنا ٹاؤن میں واقع چمڑافیکٹری میں آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے جبکہ فیکٹری کی آگ پر3 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا۔
ریسکیو ٹیم کے مطابق چمڑا فیکٹری میں کیمیکل ری ایکشن سے اس وقت آگ لگی جب وہاں نیا پلانٹ لگایا جا رہا تھا، آگ لگنے سے دھویں کے بادل آسمان سے باتیں کرتے رہے، پلانٹ پر کام کرنے والے والامزدور رمضان اوراس کا ساتھی جمال موت کے منہ میں چلے گئے۔
دوسری جانب لاہور کے علاقے گھوڑے شاہ روڈ پر فرنیچر کے گودام میں آگ لگ گئی جس کی زد میں آکر ایک نوجوان شرجیل جاں بحق جبکہ شہروز اورعلی زخمی ہوگئے۔
اس کے علاوہ اندرون موچی گیٹ کے ایک پلازے کی دوسری منزل پر کھلونوں کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی جس پر جلد قابو پا لیا گیا۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے آتشزدگی کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ناگہانی اموات پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کمشنر لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔