قذافی بٹ: پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں اراکین کا پہلا دن، حکومتی اور اپوزیشن اراکین اسمبلی کی خوش گپیاں، سیلفیاں بھی بنیں اور جپھیاں بھی ڈالی گئیں۔
پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں اراکین خوش نظر آئے اور سلفیاں بناتے رہے۔ اسمبلی فوٹوگرافر سے حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے تصاویر بنوائیں اور خود بھی سیلفیاں بنائیں۔ وزیر آبپاشی محسن لغاری نئے ایوان میں اپنی نشست تلاش کرتے رہے۔ پارلیمانی سیکرٹری مہندر پال سنگھ ایوان کے اندر کبھی ادھر تو کبھی ادھر سیلفیاں بناتے رہے۔
سابق سپیکر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا محمد اقبال حکومتی بنچوں پر صمصام بخاری، مراد راس، فیاض الحسن چوہان اور اسلم اقبال سے خود جاکر ملے۔سوشل ویلفیئر کے وزیر یاور بخاری خواتین اراکین کے ساتھ تصاویر بنواتے رہے۔مسلم لیگ (ن) کے منحرف اراکین اشرف انصاری اور مولانا غیاث الدین پچھلی نشستوں پر خاموشی سے بیٹھے رہے۔
پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد مسلم لیگ ق کے دور حکومت میں رکھا گیا، تاہم ن لیگ کے دس سال میں نئی عمارت کی تعمیر پر توجہ نہ دی گئی. چودھری پرویز الہٰی کے سپیکر منتخب ہونے پر ان کی خصوصی کوشش سے عمارت کی تعمیر مکمل ہوئی. پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ نئی عمارت میں پیش کیا گیا۔
ادھر سپیکر کی جانب سے وزیراعظم کو نئی عمارت کے افتتاح کی دعوت دی گئی جو انہوں نے قبول بھی کی، لیکن وزیر اعظم مصروفیات کے باعث عمارت کا افتتاح نہ کرسکے۔ اس پر سپیکر نے پارلیمانی جماعتوں کے رہنماوں سے مشاورت کے بعد اجلاس کروا کے نئی عمارت کا افتتاح کر دیا.