( سعید احمد سعید ) سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کورونا وائرس کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کے تحت بین الاقوامی پروازوں میں اضافے پر غور، لاہور سمیت ملک بھر کے ایئر پورٹس سے مسافروں اور پروازوں کی کیپیسٹی رپورٹ طلب کرلی گئی۔
سی اے اے کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق تمام ایئرپورٹس سے ہیلتھ کاونٹر اور ہیلتھ اسٹاف کی تعداد کے حوالے سے ڈیٹا طلب کیا گیا ہے۔ مراسلے کے متن کے مطابق حکومت پاکستان ایوی ایشن ڈویژن کے ساتھ باہمی اشتراک کے بعد بین الاقوامی فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اس سے پہلے سی اے اے کی جانب سے ہوائی اڈوں پر بین الاقوامی آمد پر مسافروں کے حوالے سے ضروری اقدامات کو یقینی بنانا ہوگا۔ اندازے کے مطابق ایئربس تھری ٹوئنٹی میں مسافروں کی گنجائش 130 سے 150 کے درمیان ہوگی، بوئنگ ٹرپل سیون جہازوں میں یہ تعداد 320 سے 350 مسافروں پر مشتمل ہونا ضروری ہے۔
بین الاقوامی مسافروں کو تھرمل اسکینر سے گزارا جائے گا حتمی کلیئرنس کسٹم ڈیسک سے لینا ہوگی۔ ٹرمینل عمارت چھوڑنے سے قبل ہر مسافر کے کورونا وائرس پی سی آر ٹیسٹ کے نمونے ایئرپورٹ پر لیے جائیں گے۔
مراسلے کے مطابق مسافروں کے ممکنہ رش کو بآسانی سنبھالنے کے لیے درکار عملہ لازمی تعینات کیا جائے گا۔ بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں کی تعداد کے پیش نظر افرادی قوت کی تعیناتی 24 گھنٹوں کےتناظر میں کی جائیگی۔ ایئر پورٹس انتظامیہ طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف سے قبل کیپیسٹی کے حوالے آگاہ کرے۔