(عمر اسلم) کورونا وائرس کے وار جاری ہیں،صدر مسلم لیگ ن میاں شہباز شریف کی اہلیہ کا ملازم بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق صدرمسلم لیگ ن میاں شہبازشریف کی اہلیہ تہمینہ درانی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنےکےبعد گھر کےملازمین کے بھی ٹیسٹ کرائےگئے، تہمینہ درانی کےگھر کام کرنے والے ویٹرمحمد بخش کاکورونا ٹیسٹ مثبت آیاہے،جس کےبعد محمد بخش نےاپنےآپ کو قرنطینہ کر لیاہے، تہمینہ درانی کےگھرپرکام کرنےوالےمزیدافراد کےکورونا ٹیسٹ بھی کرائےجا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہبازشریف کی اہلیہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہیں، تہمینہ درانی نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر خود کو اپنی رہائشگاہ پر قرنطینہ کیا،اس سے قبل 9 جون کو نیب پیشی کے بعد صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہبازشریف نے اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا تھا جو مثبت آنے کے بعد وہ اپنی رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن پر قرنطینہ میں ہیں۔
صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہبازشریف کی اہلیہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے خادم اعلیٰ شہباز شریف لاہور ہائیکورٹ اور نیب پیشیوں کے موقع پر بےپناہ رش میں گئے، یقیناً وہیں سے شہبازشریف کو کورونا وائرس لاحق ہوا جبکہ میرا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔ تہمینہ درانی کا کہنا تھا کہ میں اس کے بعد روئی ہوں لیکن اپنے لئے نہیں بلکہ ان غریبوں کےلئے جو یہ ٹیسٹ نہیں کروا سکتے، ہم ان کے لئے دعائیں ہی کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور ان کے بیٹے میں بھی کورونا کی تصدیق ہوئی ہے،انہوں نے اسلام آباد کی لیبارٹری سے کورونا کا ٹیسٹ کرایا جو کہ مثبت آیا۔یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی قاسم گیلانی نے کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا نیب میں پیشی اور انتقامی کارروائی کی وجہ سے یوسف رضا گیلانی کورونا وائرس کا شکار ہوئے، یوسف رضا گیلانی کی زندگی خطرے میں ڈالنے کے ذمہ دار بھی وزیر اعظم عمران خان ہیں۔